بولی وڈ کی نامور اداکارہ سونالی باندرے نے 2018 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں خطرناک کینسر کا عارضہ لاحق ہے جس کے بعد علاج کرانے وہ امریکا منتقل ہوگئیں تھی۔
سونالی، کینسر سے صحتیاب ہونے کے بعد اس ہی سال دسمبر میں بھارت واپس آئیں۔
اداکار اس دوران بھی اپنی بیماری کے باعث گھر میں محصور ہوگئیں تھی اور اب کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھی وہ اپنے گھر میں محصور ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں لگے لاک ڈاؤن سے لوگ بےحد متاثر نظر آرہے ہیں تاہم انہیں اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑ رہا کیوں کہ اپنی بیماری کے دوران بھی وہ گھر میں ہی سارا وقت گزارا کرتی تھیں۔
اسپاٹ بوائے کی رپورٹ کے مطابق سونالی باندرے کا کہنا تھا کہ انہیں اس لاک ڈاؤن سے کوئی فرق تو نہیں پڑا البتہ انہیں اس دوران اپنی فیملی اور دوست بہت زیادہ یاد آرہے ہیں، جو کورونا کے پھیلنے سے قبل اکثر و بیشتر ان کے گھر آیا کرتے تھے۔
سونالی باندرے کا مزید کہنا تھا کہ ’میری طبیعت اب پہلے سے بہت بہتر ہے، لاک ڈاؤن سے مجھے کوئی خاص فرق نہیں پڑ رہا کیوں کہ اپنی بیماری کے دوران بھی میں ایک طرح سے قرنطینہ میں ہی تھی، بس جو بات بہت زیادہ محسوس ہوتی ہے وہ یہ کہ اس دوران مجھ سے خاندان کے افراد اور دوست ملنے آیا کرتے تھے‘۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں کورونا وائرس کے باعث اپنا اور بھی زیادہ خیال رکھنا پڑ رہا ہے، کیوں کہ کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد ان کی قوت مدافعت بھی کافی متاثر ہوئی۔
وہ روزانہ پھل اور سبزیوں کا بہت زیادہ استعمال کررہی ہیں تاکہ صحت مند رہ سکیں۔
یاد رہے کہ سونالی باندرے نے 4 جولائی 2018 کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ہائی گریڈ کینسر لاحق ہوگیا۔
سونالی باندرے نے علاج کی غرض سے اپنے سر کے بال بھی کٹوائے تھے اور بالوں کو کٹوانے کے دوران وہ روتی ہوئی بھی نظر آئی تھیں۔
صحتیاب ہونے کے بعد سونالی کے شوہر گولڈی بہل نے میڈیا کو بتایا تھا کہ علاج کے لیے سونالی باندرے کی کیموتھراپی کی گئی اور اب انہیں مزید علاج کی ضرورت نہیں تاہم وہ حفاظتی اقدامات کے تحت چیک اپ کرواتی رہیں گی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 892 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 872 افراد اس وائرس سے ہلاک بھی ہوئے۔
کورونا وائرس کے عالمگیر سطح پر خطرات کے پیش نظر بھارت میں پانچ ہفتے سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔
بھارت نے 25 مارچ کو ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اس کے بعد سے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیوں سمیت تمام تر صنعتیں اور ٹرانسپورٹ بند ہے۔