لائیواسٹریمنگ کیس،عامرسہیل کوخاموشی کھلنے لگی


کراچی: سابق کپتان عامر سہیل کو لائیو اسٹریمنگ اسکینڈل پر خاموشی کھلنے لگی، ان کے مطابق احسان مانی نے اس سے توجہ ہٹانے کیلیے فکسنگ کو جرم قرار دلانے کی کوشش کا شوشہ چھوڑا۔

گذشتہ دنوں پی ایس ایل5کے میچز ایک غیرملکی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو دکھائے جانے کا انکشاف ہوا تھا، پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس کی اجازت کے بغیر میڈیا پارٹنر نے ایسا کیا،اس کیس کو  ایک ماہ گذر چکا مگر کوئی ٹھوس کارروائی سامنے نہیں آ سکی، اس پر سابق کپتان عامر سہیل حیران ہیں، ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نوٹس نوٹس تو کھیل رہا ہے ابھی تک ایکشن کون سا لیا؟ کوئی کارروائی ہوتی تو نظر نہیں آ رہی، اپنے لبوں کو جنبش دینے یا ای میلز جاری کرنے کے بجائے میڈیا پارٹنر سے معاہدہ پورے پاکستان کیلیے اپنی ویب سائٹ پر ہی لگا دیتے، ساتھ ہی وہ شق بھی نمایاں کر دیتے جس کی خلاف ورزی ہوئی.

انھوں نے کہا کہ زبانی کلامی باتوں سے فرق نہیں پڑتا،بتایا جائے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کہاں ہوئی اور اگر واقعی ایسا ہوا تو اب تک اسے منسوخ کیوں نہیں کیا گیا؟ ٹھیک ہی قانونی معاملات دیکھنے پڑتے ہیں مگر جہاں اتنی بڑی خلاف ورزی ہو وہاں معاہدہ معطل تو کیا ہی جا سکتا تھا مگر ابھی تک یہ بھی نہیں ہوا، اس سے ایسا لگتا ہے کہ کہیں نہ کہیں کچھ چھپایا جا رہا ہے۔

ایک سوال پر عامرسہیل نے کہا کہ آپ کے پاس جسٹس قیوم کی رپورٹ موجود ہے اس پر تو عمل  نہیں کرتے، اگر ایسا کیا تو اس سے بڑا سخت پیغام جائے گا، اس کے بعد پلیئرز غلط کام کرتے ہوئے ڈریں گے، آپ فکسنگ کو مکمل ختم نہیں کر سکتے البتہ کمی  لانا ضرور ممکن ہے، آپ جب دہرے معیار لے کر آئیں گے تو مسائل تو ہونے ہیں،

انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی سنا ہے کہ احسان مانی نے فکسنگ کو جرم قرار دلانے کیلیے حکومت سے بات کرنے کا کہا ہے تاکہ ایسے کھلاڑیوں کو سزا مل سکے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ جب سے جوئے کی کمپنی سے معاہدے کے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے یہ اس سے توجہ ہٹانے کیلیے ایسی باتیں کر رہے ہیں،اگر یہ اس پر سنجیدہ ہوتے تو ماضی میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کو کیوں کرکٹ بورڈ میں جمع کرتے۔


اپنا تبصرہ لکھیں