قومی اسکواڈ کی انگلینڈ میں پہلی کورونا ٹیسٹنگ رپورٹس پی سی بی کو موصول


لاہور: 

قومی اسکواڈ کی انگلینڈ میں پہلی کورونا ٹیسٹنگ کی رپورٹس پی سی بی کو موصول ہوگئی ہیں۔

وورسٹر میں موجود 20 کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے 12 اراکین کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، ای سی بی میڈیکل پینل کے زیر اہتمام قومی اسکواڈ کی وورسٹر میں کوویڈ 19 ٹیسٹنگ گذشتہ روز ہوئی تھی، ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر قومی کھلاڑیوں کو وورسٹر میں ٹریننگ کی اجازت مل گئی، تاخیر سے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے اسپنر ظفر گوہر اور فزیو کلف ڈیکن کے ٹیسٹ کی رپورٹس بھی آج موصول ہوجائیں گی۔

اس سے قبل لاہور میں محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخرزمان، محمد رضوان شاداب خان اور محمد حسنین کے ٹیسٹ بھی نیگیٹو آئے تھے، دوسری بار نتیجہ منفی آنے کے بعد اب یہ 6 کرکٹرز دورہ انگلینڈ کے لیے کلیئر ییں، ان کے سفر کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں