کراچی:
اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن ( آئی بی ایس ایف) کی ٹیلی کانفرنس میں کیا گیا۔ ایشین کنفیڈریشن بلیرڈ اینڈ اسپورٹس کے سینئر نائب صدر اور پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے ٹیلی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ٹیلی کانفرنس میں قطر نے رواں سال انٹرنیشنل ایونٹس مقابلوں کی میزبانی کی پیشکش کی۔ فیصلوں کے مطابق نومبر، دسمبر میں عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں مینز، ویمنز اور ماسٹر ایونٹس قطر کے شہر دوحا میں ہوں گے۔ عالمی بلئیرڈ چیمپئن شپ کی میزبانی بھی قطر کو مل گئی۔
دوسری جانب آئی بی ایس ایف ٹیم اور سکس ریڈ بال چیمپئن شپ بھی دبئی سے قطر منتقل کردی گئی۔ قطر اسی سال عالمی انڈر 18 اور ورلڈ انڈر 21 چیمپئن شپ کی بھی میزبانی کرے گا۔ اسی سال نومبر دسمبر میں آئی بی ایس ایف کی جنرل کونسل کا اجلاس بھی قطر میں ہوگا۔ اجلاس کے بعد آئی بی ایس ایف کے الیکشن 2020ء بھی ہوں گے۔
دریں اثنا آسٹریلیا اور روس نے آئندہ سال عالمی انڈر 18 اور انڈر 21 کی میزبانی کی پیشکش کردی۔ آئی بی ایس ایف کی 15 اگست کو اگلی ٹیلی کانفرنس میں مزید فیصلے متوقع ہیں۔