فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ اس کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر کے لوگوں اور تنظیموں نے پانچ ارب ڈالر کا عطیہ جمع کیا ہے۔ بالخصوص فیس بک کی جانب سے کورونا وبا کے دوران لوگوں کی غیرمعمولی مدد کی گئی ہے۔
اگرچہ فیس بک کو لوگوں کی جاسوسی، جعلی خبروں اور غلط معلومات کا گڑھ بھی سمجھا جاتا رہا ہے لیکن اس پلیٹ فارم کےمثبت پہلو بھی سامنے آرہے ہیں۔ اب فیس بک نے باضابطہ طور پر اپنےمرکزی پلیٹ فارم، اس کے ٹولز اور انسٹاگرام پر 12 ماہ کے دوران پانچ ارب ڈالر کی رقم عطیہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
اس کے لیے فیس بک نے کئی طرح کے ٹولز متعارف کرائے ہیں جو مختلف تنظیموں کو فنڈ جمع کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ فیس بک کے مطابق ماحولیاتی اور انسانی عوام کی بنا پر اس نے عطیہ اور عطیہ کنندگان پر خصوصی توجہ رکھی ہے۔ صرف 2020 میں کورونا وبا میں لوگوں کی مدد کرنے کے ضمن میں 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم عطیہ کی گئی ہے۔