فیروز خان بھی حمزہ علی عباسی کے نقش قدم پر


کراچی: اداکار فیروز خان نے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد اپنی آگے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

پاکستان کے نامور اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد اپنی بقیہ زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس اعلان کے بعد انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا جس کے بارے میں انہوں نے کہا  کہ وہ اس چینل پر لوگوں کو اسلامی تعلیمات دیں گے۔

حمزہ علی عباسی کے بعد اداکار فیروز خان نے بھی شوبز ترک کرنے کا اعلان کیا تھا گزشتہ ماہ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ میں شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں اور اب سے میں اس پلیٹ فارم کو اسلام کی  تعلیم کے پھیلاؤ کے لیے استعمال کروں گا۔

اس اعلان کے بعد فیروز خان نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر یوٹیوب چینل کے حوالے سے اشارہ دیا۔ ان کے اس ٹوئٹ پر صارفین نے ردعمل دیتے ہوئے انہیں دوسرا حمزہ علی عباسی قرار دیا۔ تاہم فیروز خان کے اس ٹوئٹ پر قومی کرکٹر شعیب ملک نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جب کہ بہت سے صارفین نے اندازے لگاتے ہوئے کہا کہ فیروز خان اپنے یوٹیوب چینل پر اسلامی تعلیمات کے بارے میں بات کریں گے۔

منیب نامی شخص نے فیروز خان کو دوسرا حمزہ علی عباسی قرار دیتے ہوئے کہا اندازہ لگائیں کون ہمیں ملحد سے اسلام تک بتائے گا۔

بہت سے لوگوں نے فیروز خان کی اس ٹوئٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے یوٹیوب چینل کے بے چینی سے منتظر ہیں جب کہ کچھ لوگوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا اندازہ لگائیں یوٹیوب سے پیسے کون کمائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں