فکسنگ کیس؛ عمر اکمل کی قسمت کے فیصلے کا وقت قریب


لاہور: عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ جلد متوقع ہے، فکسنگ کیس میں ملوث بیٹسمین کی پیشی27اپریل کو ہوگی۔

عمر اکمل پر اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.4.2 کی دو مرتبہ خلاف ورزی کا الزام ہے، اس کے تحت کسی بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع بورڈ کو نہ کرنے پر کارروائی ہوتی ہے، پی سی بی کی جانب سے عمر اکمل کو 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا اور20 فروری 2020 کو عبوری طور پر معطلی کا پروانہ جاری ہوگیا،اس کی وجہ سے پی ایس ایل 5 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان کی خدمات سے محروم رہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین نے اپنے خلاف الزامات اینٹی کرپشن ٹریبیونل میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، قانون کے مطابق اب سزا کا فیصلہ جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان کی سربراہی میں ڈسپلنری پینل کو کرنا ہے، انھوں نے گذشتہ روز کیس کی سماعت کیلیے 27 اپریل کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے عمر اکمل اور پی سی بی کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

بورڈ کے مطابق کیس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہو گی، اس دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے تمام احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کو سختی سے یقینی بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ اینٹی کرپشن کوڈ کی جن شقوں کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ان کے مطابق عمر اکمل کو دی جانے والی سزا6 ماہ سے تاحیات پابندی تک ہوسکتی ہے، ماضی میں بھی تنازعات کا طویل ریکارڈ رکھنے والے بیٹسمین کے کیریئر پر ایک اور داغ لگنے کا امکان روشن ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں