فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ کب ریلیز ہو رہی ہے؟

فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ کب ریلیز ہو رہی ہے؟


پاکستانی معروف اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید کی آن اسکرین جوڑی آئندہ ماہ سے نشر ہونے والی ویب سیریز ’برزخ‘ میں اپنا جادو چلانے کو تیار ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’زی 5‘ نے عالمی سطح پر دھوم مچانے والی ویب سیریز ’برزخ‘ کے مختلف پوسٹرز جاری کرنے کے ساتھ ہی اس کی ریلیز کا بھی اعلان کر دیا۔

زی 5 کے مطابق آئندہ ماہ کی 19 تاریخ کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے چینل زندگی اور زی 5 پر ویب سیریز ’برزخ‘ کا پریمیئر جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ویب سیریز ’برزخ‘ کی کہانی ہدایت کار و فلم ساز عاصم عباسی نے تحریر کی ہے جبکہ وقاص حسن اور شیلجا کیجریوال نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

اس ویب سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ماضی کی مقبول ڈرامہ سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ کی سُپر ہٹ جوڑی فواد خان اور صنم سعید مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان اس سیریز میں سنگل پیرنٹ کے روپ میں نظر آئیں گے جبکہ اداکارہ صنم سعید ایک ایسا کردار ادا کر رہی ہیں جو پراسرار ہونے کے ساتھ ساتھ ہمدرد بھی ہے۔

اس ویب سیریز کو بہترین سیریز، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکارہ، بہترین اداکار کے ساتھ ساتھ اسٹوڈنٹ جیوری ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل مارچ 2023ء میں ویب سیریز ’برزخ‘ کو فرانس میں ہونے والے سیریز مینیا فلم فیسٹیول میں پیش کیا جا چکا ہے۔

اس ویب سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ اسے پاکستان کی خوبصورت وادیٔ ہنزہ میں شوٹ کیا گیا ہے جبکہ اس کی کہانی محبت، نقصان اور مفاہمت کے موضوعات کے ارد گرد گھومتی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کی مطابق برزخ کی پروڈیوسر شیلجا کیجریوال نے کہا ہے کہ اس سیریز کا آئیڈیا کورونا کے دنوں میں سامنے آیا جب عالمی وباء کی وجہ سے پیار، زندگی اور محبت جیسے جذبات کا تصور بلکل بدل گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں