بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ‘جیلر’ ان دنوں باکس آفس پر دھوم مچارہی ہے، 10 اگست کو ریلیز ہونے والی تامل فلم کو سال کی سب سے کامیاب فلم قرار دیا جارہا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق نیلسن دلیپ کمار کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم جیلر جس میں سپر اسٹار رجنی کانت نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، دنیا بھر سے 600 کروڑ کا بزنس کرنے کے قریب ہے۔
اس فلم کو تامل فلم انڈسٹری کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دوسری فلم قرار دیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کی کامیابی پر اداکار رجنی کانت کو 100 کروڑ روپے اور مہنگی گاڑی کا تحفہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ جمعہ کو فلم جیلر کی کامیابی کے بعد پروڈکشن ہاؤس کے مالک کلانتھی مارن نے رجنی کانت کو 100 کروڑ روپے کا چیک اور ایک چمچماتی بی ایم ڈبلیو کار تحفے میں دی۔
پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے تحفے میں دی گئی کار کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق رجنی کانت کو تحفے میں دی گئی کار کی مالیت ایک کروڑ 70 لاکھ بھارتی روپے بتائی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ پروڈیوسر کی جانب سے رجنی کانت کو پھول اور مبینہ طور پر 100 کروڑ روپے کے چیک دینے کی تصویر بھی شیئر کی گئی۔
واضح رہے کہ رجنی کانت کی فلم کی ریلیز بھارت میں کسی تہوار سے کم نہیں ہوتی یہی وجہ ہے کہ ریاست تامل ناڈو میں بیشتر ملازمین نے اپنے دفاتر میں فلم جیلر کی ریلیز والے روز چھٹی کی درخواستیں دی تھیں۔
اس کے علاوہ ریاست کی 2 کمپنیوں نے 10 اگست یعنی جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، ان میں سے ایک کمپنی نے تو چنئی، بنگلورو، تریچی، ترونیل ویلی، چنگل پٹو، متوتھاوانی، اراپالیم اور الگاپن نگر میں بھی اپنی کمپنیوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
فلم جیلر میں رجنی کانت کے علاوہ بالی وڈ اداکار جیکی شروف اور اداکارہ تمنا بھاٹیا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔