دنیا کا اعلیٰ ترین انعام دینے والی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبیل پرائز نے سال 2021 کے (فزکس) طبیعات کا نوبیل انعام جرمنی، جاپانی اور اٹلی کے سائنس دانوں کو دینے کا اعلان کردیا۔
کمیٹی نے گزشتہ سال بھی فزکس کا انعام خاتون سمیت تین سائنس دانوں کو دیا تھا جب کہ اس سال بھی نوبیل انعام کا ایک حصہ دو جب کہ دوسرا حصہ ایک سائسندان کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نوبیل کمیٹی کی ویب سائٹ کے مطابق اس سال کے طبیعات کے نوبیل انعام کا ایک حصہ جاپان کے سائنس دان ڈاکٹر سیوکورو منابے اور جرمنی کے ڈاکٹر کلاس ہسلمین جب کہ دوسرا حصہ اٹلی کے سائس دان ڈاکٹرجارجیو پریسی کو دیا جائے گا۔
کمیٹی نے تینوں ماہرین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت ہے ماحولیاتی آلودگی اور اس کے انسانی جسم و زندگی پر اثرات کے معاملات حل ہوئے۔
کمیٹی کے مطابق جاپانی اور جرمن ماہر کی دریافتوں سے زمینی آب و ہوا میں تبدیلی اور اس کے انسانی جسم پر مرتب ہونے والے اثرات جب کہ اٹلی کے ماہر کی جانب سے ایٹمی مواد کے ماحولیات پر پڑنے والے اثرات کی دریافتوں نے دنیا میں حیران کن تبدیلیاں متعارف کرائیں۔
اس سال فزکس کے نوبیل انعام کی رقم کا ایک حصہ اٹلی کے سائنسدان جب کہ دوسرے حصے کو جرمنی اور جاپانی سائنسدانوں کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔
پچھلے سال طبیعات کا نوبیل انعام برطانوی ریاضی دان راجر پینریز، امریکی خاتون سائسندان اینڈریا گیز اور جرمن سائنسدان رینہارڈ گینزل کو دیا گیا تھا۔
نوبیل کمیٹی نے ایک روز قبل ہی طب کے نوبل انعام کا اعلان کرتے ہوئے اس سال کا میڈیسن انعام سان فرانسسکو کی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ڈاکٹر پروفیسر ڈیوس جولیس اور کیلی فورنیا کے اسکرپ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر آرڈم پیٹاپوٹیم کو دینے کا اعلان کیا تھا۔
نوبیل کمیٹی ہر سال اکتوبر کے آغاز میں ہی نوبیل پرائز کا اعلان کرتی ہے، اس سال 4 اکتوبر سے کمیٹی نے رواں سال کے فاتحین کا اعلان کرنا شروع کیا تھا اور پہلے دن طب اور آج دوسرے دن طبیعات کے انعام کا اعلان کیا گیا۔
نوبیل پرائزکمیٹی طبیعات سمیت مجموعی طور پر 6 کیٹیگریز میں انعامات دیتی ہے، یہ کمیٹی فزکس کے علاوہ کیمسٹری، طب، ادب، معیشت اور امن کی کیٹیگری میں بھی انعام دیتی ہے۔
کمیٹی نوبیل انعام جیتنے والوں کو ہر سال دسمبر میں انعامات دیتی ہے اور انعامات دینے کی تقریب سویڈن میں ہی منعقد ہوتی ہے، تاہم امن کے نوبیل انعام دینے کی تقریب دوسرے ملک ناروے میں ہوتی ہے۔