سابق وزیر اعظم عمران خان کو آئندہ ووٹ نہ دینے کے بیان پر اداکار احمد بٹ اور سینئر اداکارہ عفت عمر میں تکرار ہوگئی۔
اداکارہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں میزبان احمد بٹ نے عفت عمر سے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ آپ نواز شریف کو ووٹ دیں گی، بلاول کو ووٹ دیں گی لیکن عمران خان کو کبھی ووٹ نہیں دیں گی؟ ایسا کیوں؟
جواب میں عفت عمر نے کہا کہ ظاہر سی بات ہے اتنے تماشے کے بعد عمران خان کو ووٹ کون دے گا؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 3 سال میں کیا کرکے دکھایا ہے؟ ابھی بھی عمران خان کیا کر رہے ہیں؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ہم نے ملک میں کبھی اتنی افراتفری نہیں دیکھی، 4 لوگ سڑکیں بند کرکے بیٹھے ہیں، لوگوں کا برا حال ہے پی ڈی ایم اور پی ایم ایل این نے بھی لانگ مارچ کیا لیکن ایسی ویڈیوز نہیں آئیں۔
جس پر میزبان نے عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ بتائیں آپ کا کہنا ہے کہ عمران خان فساد کی جڑ ہیں اگر عمران خان کو سیاست سے نکال دیں تو پاکستان کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ کیا یہ لوگ ٹھیک کریں گے جنہوں سے 70 سال میں آرٹسٹ کو ایک بھی حق نہیں دیا۔
اس پر عفت عمر نے ڈٹے ہوئے کہا کہ ملک یہی سیاستدان ٹھیک کریں گے جو سیکھے ہوئے ہیں اگر عمران خان کو نکال دیا اور باقی سیاستدانوں کو کام کرنے دیا جائے تو ملک کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔