کراچی: معروف اداکار عدنان صدیقی کی عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی لباس بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
عدنان صدیقی نے لاک ڈاؤن کے روز سے اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے اور لوگوں کو ویڈیو کے ذریعے پیغام دینے میں مشغول ہیں، تاہم اب انہوں نے ڈاکٹروں کے لئے کورونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی لباس بنانے شروع کر دیئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں عدنان صدیقی کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ڈاکٹروں کے لئے سلائی مشین کے ذریعے لباس تیار کر رہے ہیں۔ جس میں وہ خود بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ لباس کورونا وائرس کے متاثرین کی حفاظت کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لئے ہے کیوں کہ موجودہ صورتحال میں یہ حفاظتی لباس بہت ضروری ہے۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ معروف ڈیزائنر عاصم جوفا آپ کو لباس بنانے کا طریقہ اور ضروری سامان حاصل کرنے کی رہنمائی بھی کر دیں گے کیوں کہ جب میں یہ لباس بنا سکتا ہوں تو آپ پھر آپ بھی بنا سکتے ہیں۔