کراچی: اداکار عدنان صدیقی نے سابق قومی کپتان سرفراز احمد کا مذاق اڑانے اور ان کی تضحیک کرنے پر لائیو شو کے دوران معافی مانگ لی تاہم فہد مصطفیٰ نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس موضوع کو ہی غیر اہم قرار دے دیا۔
دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے گیم شو’’جیتو پاکستان لیگ‘‘ کے دوران عدنان صدیقی نے سرفراز احمد کے ہکلاکر بولنے کے انداز کا مذاق اڑایا تھا اور ان کی نقل اتاری تھی۔
عدنان صدیقی کی اس حرکت کو سوشل میڈیا پر بے حد تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان سے سرفراز احمد سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد عدنان صدیقی نے گزشتہ روز لائیو شو کے دوران سابق کپتان سے اپنی حرکت کی معافی مانگی لی۔
یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد کی تضحیک پرعدنان صدیقی تنقید کی زد میں
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےعدنان صدیقی کہہ رہے ہیں سرفرازمیں آپ کے پرستاروں، آپ کے گھر والوں اور دوستوں سے معذرت چاہتاہوں۔ میں قسم کھا کر کہہ رہاہوں میں نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی جس سے سرفراز کا یا ان کے دوستوں کا دل دکھے۔ اس موقع پر سرفراز نے بھی نہایت عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا آپ کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عدنان صدیقی نے کہا آپ مجھ سے ناراض تو نہیں ہیں نا جس پر سرفراز نے کہا نہیں میں آپ سے ناراض نہیں ہوں۔
تاہم اس دوران شو کے میزبان فہد مصطفیٰ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا آپ ہمارے بڑے ہیں آپ ہمیں لائیو تھپڑ بھی ماردیں گے تو کوئی فرق نہیں پڑے گالہذٰا یہ فضول کی باتیں ہیں ہم آپ سے معافی مانگتے ہیں کہ لوگ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے ایک بار پھر سرفراز احمد کا اسی انداز میں مذاق اڑایا جس طرح عدنان صدیقی نے اڑایا تھا۔