سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع کیماڑی کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 242 پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار عبدالقادر مندوخیل کی جانب سے پولنگ اسٹیشن میں گھس کر وہاں توڑ پھوڑ کرنے اور بیلٹ باکسز کو توڑنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
صحافی کی جانب سے شیئر کی گئی عبدالقادر مندوخیل کی ویڈیو میں انہیں اپنے کارکنان کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن کا دروازہ توڑ کر گھستے اور اسٹاف کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرتے سنا اور دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں عبدالقادر مندوخیل کے ہمراہ متعدد نوجوان کارکنان دکھائی دیتے ہیں جو ان کا ساتھ دے کر پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں خود عبدالقادر مندوخیل کو بھی پولنگ اسٹیشن کے اندر توڑ پھوڑ کرنے اور وہاں موجود بلیٹ باکسز کو توڑنے اور بیلٹ پیپرز کو پھاڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ویڈیو کب کی اور کہاں کی ہے لیکن صحافی کی جانب سے مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی پولنگ کی ہے۔
عبدالقادر مندوخیل کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر تنقید کی اور لکھا کہ مذکورہ شخص نہ صرف قانون ساز ایوان کے رکن رہ چکے ہیں بلکہ خود کو وکیل اور انسانی حقوق کا علمبردار بھی کہتے ہیں۔
عبدالقادر مندوخیل کی مذکورہ ویڈیو پر تاحال ان کی جانب سے یا الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آ سکا۔