عامر خان کو ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کا ٹائٹل کس نے اور کیوں دیا؟

عامر خان کو ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کا ٹائٹل کس نے اور کیوں دیا؟


بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے بتا دیا کہ اُنہیں’مسٹر پرفیکشنسٹ‘  کا ٹائٹل کس نے اور کیوں دیا ہے۔

عامر خان نے حال ہی میں ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور فلمی کیریئر کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔

اس شو کے دوران اُنہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کا ٹائٹل ملنے کی وجہ ایک خاتون ہیں۔

عامر خان کی یہ بات سن کر میزبان کپل شرما نے پوچھا کون ہیں وہ خاتون؟

اداکار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ خاتون اداکارہ شبانہ اعظمی ہیں۔

اُنہوں نے شبانہ اعظمی کی جانب سے یہ ٹائٹل ملنے کی وجہ بننے والا دلچسپ قصّہ بھی سنایا۔

عامر خان نے بتایا کہ جب میں انڈسٹری میں نیا نیا آیا تھا اور فلم ’دل‘ کی شوٹنگ پر تھا تو اس فلم کے ڈائریکٹر اندرا کمار اور بابا اعظمی (شبانہ اعظمی کے بھائی) کیمرہ مین تھے، بابا اعظمی ٹاپ کے کیمرہ مین تھے اور ہم اکثر ان کے گھر بھی جایا کرتے تھے۔

اُنہوں نے بتایا کہ ایک دن ہم ان کے گھر پر کسی گہری بحث میں مصروف تھے، اس دوران شبانہ جی ہمارے لیے چائے لائیں اور مجھ سے پوچھا کہ’عامر، آپ چائے میں کتنی چینی لیں گے؟‘

اداکار نے بتایا کہ میں بحث میں اتنا مگن تھا کہ پہلے تو مجھے یہ سمجھ نہیں آیا کہ وہ کیا پوچھ رہی ہیں اس لیے ان کا سوال سمجھنے اور جواب دینے میں مجھے پانچ سیکنڈ لگے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے شبانہ جی سے پوچھا گلاس کتنا بڑا ہے؟ جس پر انہوں نے مجھے کپ دکھایا، میں جو بحث میں ہی کھویا ہوا تھا، کپ دیکھنے کے بعد جب یہ پوچھا کہ چمچہ کتنا بڑا ہے؟ تو انہوں نے مجھے چمچہ دکھایا، چمچ دیکھ کر میں نے کہا کہ’ایک چمچ چینی ٹھیک ہے‘۔

عامر خان نے بتایا کہ میری یہ کہانی شبانہ اعظمی نے ہر جگہ سنائی ہے کہ  ’اگر آپ عامر سے پوچھیں کہ چینی کتنی لیں گے؟ تو وہ آپ سے کپ اور چمچ کا سائز پوچھے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں