عالیہ بھٹ میرے ’پہلے بچے‘ کی طرح ہے، پروموٹ کرنے پر معافی نہیں مانگوں گا، کرن جوہر

عالیہ بھٹ میرے ’پہلے بچے‘ کی طرح ہے، پروموٹ کرنے پر معافی نہیں مانگوں گا، کرن جوہر


بالی ووڈ معروف ہدایتکار کرن جوہر نے اقربا پروری (نپوٹزم) کو پروموٹ کرنے سے متعلق خود پر لگنے والے الزام پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے ۔

کرن جوہر بالی ووڈ کے مشہور ترین اور باصلاحیت فلمساز ہیں جن پر اکثر اوقات ہی اسٹار کِڈز کو پروموٹ کرنے اور عام گھرانوں سے آنے والے نئے چہروں کو اپنی فلموں میں کاسٹ نہ کرنے سے متعلق الزامات لگتے رہتے ہیں۔

دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران کرن جوہر نے بالی ووڈ انڈسٹری کو کئی بلاک بسٹر اور ہٹ فلمیں دی ہیں۔

انہوں نے معروف ہدایتکار مہیش بھٹ اور سابقہ اداکارہ سونی راز دان کی بیٹی عالیہ بھٹ، ورون دھون، اور سدھارتھ ملہوترا کو 2012ء میں اپنی ہدایتکاری میں بننے والی فلم  ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ساتھ لانچ کیا تھا۔

مختلف مواقعوں پر فلمساز کرن پر عالیہ بھٹ کی جانب رجحان زیادہ ہونے سے متعلق کئی الزامات لگائے گئے ہیں۔

اب ایک حالیہ انٹرویو میں عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے ڈائریکٹر نے ان الزامات پر جواب دیا ہے۔

کرن جوہر نے اپنے اوپر لگائے گئے مختلف اقربا پروری کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالیہ بھٹ میرے لیے، میرے ’پہلے بچے‘ کی سی حیثیت رکھتی ہے۔

کرن جوہر نے اپنے اوپر لگائے گئے اقربا پروری کے الزامات پر مزید کہا کہ ’میں نے کبھی نیپوٹزم کو پروموٹ نہیں کیا ہے اور میں کسی بھی چیز کے لیے معافی نہیں مانگوں گا، میں ہر اُس اداکار کو کاسٹ کروں گا جو مجھے صحیح لگتا ہے، اگر وہ اداکار انڈسٹری میں کسی سے تعلق رکھتا ہے تو اس میں مجھے کوئی پریشانی نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ عالیہ بھٹ میرے پہلے بچے کی طرح ہے، میں اسے ہمیشہ ذاتی طور پر پیار کروں گا اور وہ ہمیشہ میری زندگی کا حصہ رہے گی اور آپ لوگ چاہے باتیں کرتے رہ جائیں اور جو چاہے مجھے کہہ سکتے ہیں کہہ لیں۔‘

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ’میں نے ہمیشہ وہی کیا ہے جس پر میرا دل مانتا ہے، میری ماں نے مجھے سکھایا ہے کہ اگر تم صحیح ہو، تمہیں یقین ہے کہ تم صحیح ہو تو پھر جو چاہے ہو جائے تمہیں فرق نہیں پڑنا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ میں ایک فلمی خاندان سے آنے والے بچے کو ایک بار فلم میں ضرور کام دے سکتا ہوں مگر اُسے اپنی دوسری فلم حاصل کرنے اور اپنے آپ کو اداکاری کے شعبے میں منوانے کے لیے اتنی ہی محنت کرنی پڑے گی جتنی کہ دوسرے عام گھرانوں سے آئے اداکار کو کرنی پڑتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں