دبئی: عالمی کرکٹ کے بڑے جمعرات کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے، ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے مستقبل پرغور ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے ارکان جمعرات کو اہم ٹیلی کانفرنس میں شریک ہوں گے، پاکستانی وسیم خان سمیت12 فل ممبران اور 3 ایسوسی ایٹ ممالک کے نمائندے کورونا وائرس سے معطل ہونے والی کرکٹ کو پھر بحال کرنے کے مختلف آپشنز پر غور کرینگے۔
ایجنڈے میں سرفہرست ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے سپر لیگ ہے، اب تک انگلینڈ کی سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز ملتوی ہوچکی جبکہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان سے طویل طرز کے میچز غیریقینی کے شکار ہیں، اسی طرح آسٹریلیا کی بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کے بارے میں بھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ون ڈے سپر لیگ کا آغاز مارچ میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچز سے ہونا تھا جو ملتوی ہوچکے، جنوبی افریقہ بھی اپنی سیریز ملتوی کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔ اسی لیگ سے 2023 میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی 8 ٹیموں کا فیصلہ ہونا ہے۔
موجودہ صورتحال میں آئی سی سی کیلیے سب سے بڑا چیلنج متبادل تاریخیں تلاش کرنا ہوگا تاکہ موجوہ ٹائم فریم میں ہی تمام سیریز مکمل کی جائیں، خاص طور پر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچزآئندہ برس جون سے قبل ختم کرنے ہونگے، اسی صورت میں ہی لارڈز میں فائنل ٹیسٹ اپنے وقت پر منعقد ہوسکے گا، اس کا التوا آخری آپشن ہوگا۔
جمعرات کی میٹنگ میں ممبر بورڈزسے اپنے اپنے ممالک میں کرکٹ دوبارہ سے شروع کرنے کے ارادوں کا پوچھا جائے گا،پھر اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار ہوگا جس کو پھر آئی سی سی بورڈ کو بھیجا جائے گا۔
میٹنگ میں رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہونا ہے، اس حوالے سے ممبران کواپ ڈیٹ بھی کیا جائے گا، فی الحال ایونٹ کے بارے میں کسی فیصلے کی کوئی توقع نہیں ہے۔