عاطف اسلم نے اہلیہ سے ہونیوالی ’پہلی نظر میں محبت‘ کی کہانی سنادی

عاطف اسلم نے اہلیہ سے ہونیوالی ’پہلی نظر میں محبت‘ کی کہانی سنادی


نوجوان نسل کے ہردلعزیز گلوکار و اداکار عاطف اسلم نے اہلیہ، سارہ بھروانا سے پہلی نظر میں محبت ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

واضح رہے کہ معروف گلوکار عاطف اسلم مارچ 2013ء میں سارہ بھروانا کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس جوڑے کے ہاں 2014ء میں پہلے بیٹے احد، 2019ء میں دوسرے بیٹے آریان اور 2023ء میں بیٹی حلیمہ کی پیدائش ہوئی تھی۔

یہ جوڑا کم و بیش ہی نجی و عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے جبکہ عاطف اسلم کی اہلیہ سارہ ایک کاروباری خاتون ہیں۔

عاطف اسلم اور سارہ بھروانا کو ایک ساتھ بے حد پسند کیا جاتا ہے، اس جوڑے کی فین فالوونگ بھی قابلِ ذکر ہے جو ان سے متعلق ہر وقت معلومات کی کھوج میں رہتی ہے۔

عاطف اسلم کا اہلیہ سے پہلی نظر میں ہونے والی محبت اور بعد ازاں شادی سے متعلق ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

وائرل کلپ میں عاطف اسلم کا بھارتی شو کے میزبان کپل شرما کو ایک سوال کے جواب میں بتانا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو پہلی بار ایک شادی پر دیکھا تھا، اس سے پہلے کبھی اُن میں کسی لڑکی سے بات کرنے کی خواہش نہیں جاگی تھی مگر سارہ کو دیکھ کر اُن کا دل چاہا کہ وہ اس لڑکی سے بات کریں۔

عاطف اسلم کا مزید کہنا تھا کہ سارہ کو دیکھ کر میرے دل سے دعا نکلی کہ یا اللّٰہ اس لڑکی سے بات کروا دے، پھر مجھے سارہ بھروانا ملیں اور اُن سے بات چیت شروع ہوئی۔

فلم ’بول‘ میں اہم کردار ادا کرنے والے اداکار عاطف اسلم کا بتانا ہے کہ پھر انہوں نے سارہ سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا، بعد ازاں 7 سال بعد اُن کی سارہ بھروانا سے شادی ہو گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں