پاکستان کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے گزشتہ روز اپنا پہلا بالی وڈ گانا ‘ہمراہ’ ریلیز کیا ہے۔
عاصم اظہر نے چند روز قبل گانے کا ٹیزر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خوشخبری دی تھی کہ وہ عید کا تحفہ دیتے ہوئے اس دن اپنا پہلا بالی وڈ گانا ریلیز کریں گے۔
لیکن 22 مئی کو کراچی میں ہونے والے طیارے حادثے کے بعد عاصم اظہر نے گانے کو تاخیر سے یعنی عید کے تیسرے دن ریلیز کیا۔
عاصم اظہر کے بالی وڈ کے پہلے گانے ‘ہمراہ’ کو یوٹیوب پر 17 گھنٹوں میں ہی 3 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا ہے جب کہ یہ گانا پاکستان کے یوٹیوب ٹرینڈنگ پر بھی نظر آرہا ہے۔
نوجوان گلوکار عاصم اظہر کا گانا بالی وڈ فلم ‘ملنگ’ میں شامل ہے جس میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ گانے کی موسیقی بھی خود ہی ترتیب دی ہے۔
نوجوان گلوکار عاصم اظہر کا شمار بھی اب ان پاکستانی گلوکاروں میں کیا جائے گا جن کے گانے بالی وڈ کی فلموں میں شامل کیے جا چکے ہیں، ان میں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی نوجوان گلوکار عاصم اظہر کا بالی وڈ کے لیے پہلا گانا اس وقت ریلیز کیا گیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعات ہیں۔
بھارت اور پاکستان میں کسی بھی فنکار کو دوسرے ممالک میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے جب کہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کی فلم، ڈرامہ اور دیگر مواد نشر کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔
خیال رہے کہ یہ پابندی اس وقت عائد کی گئی تھی جب 2019 میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا تھا۔