پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار عاشر وجاہت اور ثمر عباس نے مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔
سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلم ’نابالغ افراد‘ کی اسکریننگ کے بعد عاشر وجاہت اور ثمر عباس اچانک فلم کے بارے میں فلمی شائقین کی رائے جاننے کے لیے خود سینما میں انٹری دے کر سب کو حیران کر دیتے ہیں۔
ثمر عباس نے فلم دیکھنے کے لیے آنے والوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ’عید پر فلم دیکھنے کے لیے وقت نکالنے کا شکریہ‘۔
عاشر وجاہت نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی جان کر کہ آپ لوگ فلم دیکھنے کے لیے آئے، سب لوگ بہت اچھے لگے رہے ہیں، سب کو عید مبارک اور اگر آپ لوگوں کو فلم اچھی لگی تو اپنے گھر والوں کو بھی یہ فلم دیکھنے کا مشورہ دیں، بہت شکریہ‘۔
اس دوران ایک خاتون نے فلم ’نابالغ افراد‘ کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ فلم بہت اچھی ہے اور بالخصوص اس فلم میں بچوں کو والدین سے متعلق جو پیغام دیا گیا ہے وہ بہت زبردست ہے۔