عازمین حج کی رہنمائی کیلئے اردو سمیت 14 زبانوں میں ای گائیڈ بکس جاری

عازمین حج کی رہنمائی کیلئے اردو سمیت 14 زبانوں میں ای گائیڈ بکس جاری


سعودی وزارت حج و عمرہ نے جنرل اتھارٹی برائے اوقاف کے تعاون سے رواں سال اردو سمیت 14 زبانوں میں 13 ای گائیڈ بکس جاری کی ہیں جن میں دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو مختلف موضوعات پر رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

یہ ای گائیڈ بکس عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، ہسپانوی، ترکی، روسی، فارسی، بنگالی، انڈونیشیائی، مالائی، ہاؤسا، امہاری اور سنہالی میں جاری کی گئی ہیں۔

ٹویٹر پر وزارت حج و عمرہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ای گائیڈ بک کی مختلف خصوصیات اور اس کے استعمال کے طریقہ کی وضاحت کی گئی ہے۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’یہ عازمین حج کی رہنمائی کرنے والی ای گائیڈ بکس ہیں، ان میں شریعت اور اسلامی قانون، طریقہ کار، انتظامی معاملات اور صحت سے متعلق ہدایات شامل ہیں جن کی حجاج کو اپنے سفر کے دوران ضرورت ہوگی‘۔

—فوٹو : ایس پی اے
—فوٹو : ایس پی اے

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آپ کو صرف ویب سائٹ پر جا کر زبان کا انتخاب کرنا ہے، جس کے بعد آپ اپنی مطلوبہ گائیڈ میں دستیاب مواد کو سن یا دیکھ سکتے ہیں اور اسے ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں‘۔

وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’حج کے بہترین سفر کے لیے یہ حج گائیڈ بکس دستیاب ہیں‘۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے وزارت حج و عمرہ ہشام سعید نے کہا کہ ان ای گائیڈ بکس میں موجود تفصیلی وضاحتی خاکے اور تصاویر، عازمین کو آڈیو یا تحریری مواد کا متبادل فراہم کریں گی۔

ای گائیڈ بک میں شامل موضوعات میں مناسک حج اور صحت سے متعلق آگاہی کے ساتھ ساتھ احرام، منیٰ، مزدلفہ، یوم عرفات، جمرات، عمرہ، جامع مسجد، مسجد نبوی اور مکہ اور مدینہ کے تاریخی مقامات سے متعلق آگہی شامل ہے۔

یہ ای گائیڈ بکس تمام فون آپریٹنگ سسٹمز، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں، اسمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے کسی بھی وقت اور جگہ guide.haj.gov.sa پر جا کر ان گائیڈ بک تک مفت رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

مختلف زبانوں میں حج گائیڈ بک کا اجرا سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے جس کا مقصد عازمین حج کو مناسک بہترین انداز میں ادا کرنے اور ان کا سفر اطمینان بخش اور ایمان میں اضافے کاباعث بنانا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں