امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے کو اسمارٹ فونز کی فروخت میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی بڑی وجہ گوگل سروسز اور ایپس تک رسائی نہ ہونا ہے۔
کمپنی کی جانب سے چین سے باہر نئے فلیگ شپ فونز کو متعارف کرانے کا سلسلہ کافی عرصے سے رکا ہوا تھا اور اب تک پی 50، پی 50 پرو اور اس کے فولڈ ایبل ماڈل پی 50 پاکٹ چین سے باہر فروخت کے لیے پیش نہیں کیے جاسکے تھے۔
مگر اب طویل عرصے بعد ہواوے نے پی 50 پرو اور پی 50 پاکٹ کی شکل میں 2 فلیگ شپ فونز عالمی سطح پر متعارف کرا دیئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں یہ دونوں فونز ایشیا پیسیفک، مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ اور جنوبی امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔
پی 50 پاکٹ
یہ چینی کمپنی میٹ ایکس فولڈ ایبل سیریز کو تو پیش کرچکی تھی مگر پی 50 پاکٹ پہلا فون ہے جو سام سنگ کے گلیکسی زی فلپ اور موٹرولا ریزر فولڈ ایبل فون سے ملتا جلتا ہے۔
اس نئے فولڈ ایبل ہواوے فون کا ڈیزائن پی 50 سیریز سے لیا گیا ہے مگر اسے بند کیا جا سکتا ہے اور کاسٹیوم میڈ 3 ڈی اسٹرکچر گلاس ڈیزائن پر مبنی ہے۔
کھلی شکل میں اس فون میں 6.9 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جس میں پنچ ہول ڈیزائن میں سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
بند فون میں فرنٹ پر ایک انچ کی اسکرین ہے جو وقت، تاریخ اور نوٹیفکیشنز وغیرہ دیکھنے کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ فون کے اپنے سروس ویجیٹس تھرڈ پارٹی ایپس جیسے میپس، میوزک پلیئرز اور کیو آر کوڈز کے لیے تیار کیے گئے ہیں جبکہ بڑی اسکرین پر نیوی گیشن بھی کی جاسکتی ہے اور کور اسکرین پر سمتوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
پی 50 پاکٹ میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 40 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 32 میگا پکسل الٹرا اسپیکٹرم کیمرے موجود ہیں۔
یہ تیسرا کیمرا کلر رینڈرنگ کو بہتر بنانے کا کام کرتا ہے۔
پی 50 پاکٹ میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 40 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کرتی ہے اور کمپنی کے مطابق فولڈ ایبل شکل میں اس ڈیوائس کی موٹائی 7.2 ملی میٹر ہے جبکہ وزن 190 گرام ہے۔
یہ 8 سے 12 جی بی ریم اور 256 سے 512 جی بی ریم اسٹوریج کے آپشنز میں دستیاب ہوگا۔
8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 1299 یورو (2 لاکھ 58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
اسی طرح 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا پریمیئم ایڈیشن کی قیمت 1599 یورو (3 لاکھ 18 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔
پی 50 پرو
اس فون کو 2021 کے موسم گرما میں چین میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں 6.6 انچ کا خم ایجز والا او ایل ڈی ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ایچ ڈی آر سپپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
پی 50 پرو میں 4360 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 66 واٹ وائرڈ اور 50 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔
جہاں تک کیمرا سیٹ اپ کی بات ہے تو پی 50 پرو میں لائیسا برانڈڈ کیمرے موجود ہیں جو 10 چینل سنسرز اور پہلے سے بہتر ٹیلی فوٹو موڈیولز سے لیس ہیں۔
پی 50 پرو کے 50 میگا پکسل مین کیمرا ایف 1.8 آپرچر اور آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن جیسے فیچرز موجود ہیں۔
اس کے علاوہ 40 میگا پکسل بلیک اینڈ وائٹ کیمرا ایف 1.6 آپرچر کے ساتھ ہے جبکہ 12 میگا پپکسل الٹرا وائیڈ بھی فون کا حصہ ہے۔
زومنگ کے لیے ایک 64 میگا پکسل پیری اسکوپ کیمرا بھی ڈیوائس میں دیا گیا ہے جو 3.5 ایکس آپٹیکل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
فون کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے اس فون کی قیمت 1199 یورو (2 لاکھ 38 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔