پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ صرحا اصغر نے امریکی فوج میں بھرتی اپنے بھائی کی موت کا دردناک واقعہ سُنا دیا۔
صرحا اصغر نےحال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مختلف حالات واقعات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے اپنے بڑے بھائی کی موت کا دردناک واقعہ سُناتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اپنے امتحانات کی وجہ سے اپنے بھائی کی تدفین میں شریک نہیں ہوسکیں تھیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں صرف 3 مہینے کی تھی جب میرے والد کا انتقال ہوا،اس لیے میرے پاس والد سے جُڑی یادیں نہیں ہیں لیکن والد کے بعد بھی گھر میں بے حد محبت ملی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میں آج تک زندگی کا وہ لمحہ نہیں بھول پاتی جب امریکا میں میرے سب سے بڑے بھائی کا انتقال ہوا تھا اور میں ان کی تدفین میں نہیں جاسکی تھی کیونکہ پاکستان میں میرے او لیول کے پیپرز ہورہے تھےاور اس وقت میری وجہ سے میرے ایک بھائی بھی پاکستان میں رُکے ہوئے تھے۔
صرحا اصغر نے بتایا کہ میرے بھائی نے میری پڑھائی کیلئے بہت مشکل سے فیس بھری تھی لہٰذا میں وہ امتحان نہیں چھوڑ سکتی تھی لیکن امتحانات کے بعد میں ہیوسٹن اپنے بھائی کی قبر پر گئی تو مجھے تب بھی میرے احساسات سمجھ نہیں آئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ بھائی کی قبر پر جانے کے دو تین دن بعد میں بہت روئی اور اب مجھے ایسا لگتا ہے کہ مجھ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ میں کسی کی تدفین میں شریک ہوسکوں۔
اداکارہ نے بھائی کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میرے بڑے بھائی 2012ء میں صرف 31 سال کی عمر میں ہم سے بچھڑ گئے تھے، وہ امریکی فوج میں تھے، اُنہیں امریکا کی جانب سے اعزازی پرپل ہارٹ بھی دیا گیا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ بھائی امریکی فوج کی جانب سے افغان جنگ میں شریک تھے جہاں ان کے کیمپ پر کسی دستے نے حملہ کردیا تھا۔
صرحا اصغر نے مزید بتایا کہ بھائی کی پیدائش بھی امریکا میں ہوئی تھی، اس واقعے سے 3 دن پہلے ہی اسکائپ پر میری ان سے بات ہوئی تھی تو اُنہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ مجھ سے اگلے سال ملنے آئیں گے۔