کراچی: نامعلوم نوجوان نے اداکارہ صبا قمر کا فون ہیک کرلیا جس کے بعد صبا نے سائبر کرائم سے رابطہ کرکے اس شخص کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز صبا قمر کی مینجر مشل چیما نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بتایا تھا کہ انہیں صبا قمر کے نمبر سے کسی شخص نے فون کیا وہ شخص آواز سے کوئی نوجوان لگ رہا تھا جب میں نے اس سے اس کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ اسے یہ فون اس پارک میں ملا ہے جہاں صبا قمر جاگنگ کے لیے جاتی ہیں اور فون بھی ان لاک تھا۔ وہ لڑکا مجھ سے مسلسل پوچھ رہا تھا کہ کیا یہ صبا قمر کا نمبر ہے تاہم جب میں اس پر چلائی تو اس نے فون بند کردیا۔
مشل چیما نے مزید بتایا کہ اس کے بعد جب میں نے صبا قمر کو کال کی تو انہوں نے کہا کہ وہ گھر پر ہیں، بعد ازاں ہمیں احساس ہوا کہ شاید کسی ایپ کی وجہ سے اس شخص نے فون ہیک کرلیا۔ لیکن اب سب کچھ ہمارے کنٹرول میں ہے۔
اس پوسٹ کے بعد صبا قمر کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ ان کا فون ہیک کرنے والے شخص کے لیے پیغام دیتی نظر آرہی ہیں کہ ہم نے سائبر کرائم سے رابطہ کرلیا ہے، وہ لوگ اس شخص کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں اور بہت جلد پولیس بھی آئے گی۔