شیاؤمی نے ستمبر 2021 میں ایک نئی سیریز سی وی کو متعارف کرایا تھا جسے کمپنی نے دنیا کا خوبصورت ترین اسمارٹ فون بھی قرار دیا تھا۔
اب چینی کمپنی کی جانب سے اس کا اپ ڈیٹ ماڈل شیاؤمی سی وی 1 ایس پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ نیا فون 21 اپریل کو متعارف کرایا جائے گا اور کمپنی کی جانب سے ایک سوشل میڈیا ویڈیو میں اس کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔
چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر کمپنی کی جانب سے جاری ویڈیو میں فون کا ڈیزائن واضح ہے۔
اس نئے فون کے بیک پر گریڈینٹ فلیشنگ ڈائمنڈ ٹیکسچر ڈیزائن موجود ہے جو روشنی میں جگمگا کر کافی فیشن ایبل لک فراہم کرتا ہے۔
بنیادی طور پر کمپنی نے زیادہ توجہ فون کے ڈیزائن پر ہی مرکوز کی ہے۔
گزشتہ سال کے فون کی موٹائی محض 6.98 ملی میٹر تھی اور وزن 166 گرام تھا۔
توقع ہے کہ نئے فون میں بھی اسے برقرار رکھا جائے گا جو بالخصوص خواتین کے لیے زیادہ پرکشش فیچر تھا۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں ایک سنسر کافی بڑا جبکہ باقی 2 چھوٹے ہیں۔
اس نئے فون میں اسنیپ ڈراگون 778 جی پلس پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کو زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔
گزشتہ ماڈل کے 55 واٹ کی بجائے اس نئے فون میں 67 واٹ چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔