اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما کنول شوذب نے انکشاف کیا کہ رخصت پر جانے والے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو مافیاز کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
جیونیوز کے پروگرام ’ جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کنول شوذب نے کہا کہ شبرزیدی کو صحت کے مسائل ہیں اور ان کو آرام کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی ایم این اے نے انکشاف کیا کہ مافیاز کی وجہ سے بھی شبر زیدی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
اراکین کی تنخواہوں پر اضافے کی تجویز پر کنول شوذب کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل مسترد کردیا، عوام تکلیف میں ہیں اس لیے ہم نہیں چاہتے ہیں کہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا سب متفق ہیں کہ اس وقت عوام کی داد رسی کی کوشش کرنی ہے، چار، پانچ ماہ مشکل ہوں گے جس کے بعد جلد معاملات بہتر ہو جائیں گے۔