بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کا انتظار ختم ہوا اور ایکشن سے بھرپور فلم ’’جوان‘‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ۔فلم میں شاہ رخ خان ڈبل کردار ادا کررہے ہیں، ایک ہیرو اور ایک ولن کا جب کہ ایک بڑا ولن وجے سیتھو پتی ہوگا جو کہ اسلحہ کا تاجر ہے۔مختصر دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شاہ رخ خان بظاہر جرائم پیشہ شخص کے روپ میں بھارتی فوج کے افسر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
ٹریلر میں سپر سٹار دیپیکا پڈوکون بھی کومیو جھلک میں نظر آتی ہیں اور ذرائع کے مطابق یہ اداکار کی فلیش بیک یادوں والا حصہ ہوگا۔ سپر اسٹار اداکارہ نیانترا نئی فلم کے ساتھ بالی ووڈ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں اور وہ فلم میں مشہور کامیڈین سنیل گروور کے ساتھ ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آتی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم ’’جوان‘‘ کا بجٹ 300 کروڑ روپے تھا، یہ شاہ رخ خان کی اب تک کی سب سے زیادہ بجٹ والی فلم ہے جسے دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 7 ستمبر 2023 کو نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔