بالی ووڈ اسٹار سوناکشی سنہا کے والد بھارتی اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے تقریباً ایک ہفتے کے بعد نوبیاہتا جوڑے کو ممبئی کے اسپتال میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد سے اداکارہ کے حمل سے ہونے کے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔
تاہم اب ان کے اسپتال جانے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا کے والد بھارتی اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا وائرل بخار اور کمزوری کے باعث اسپتال میں داخل ہیں جن کی عیادت کیلئے وہ اسپتال گئی تھیں۔
اس حوالے سے سیاست دان شتروگھن سنہا کے بیٹے لو سنہا نے گزشتہ روز بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کو ممبئی کے مقامی اسپتال میں چیک اپ کے لیے داخل کروایا گیا ہے۔ انہیں چند دنوں سے وائرل بخار اور کمزوری تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر شتروگھن سنہا کو سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کے چند دن بعد اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی دبنگ گرل اداکار سوناکشی سنہا اور ان کے دیرینہ بوائے فرینڈ اداکار ظہیر اقبال 23 جون کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، جس کے بعد 28 جون کو انہیں اسپتال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔