موٹرسائیکلیں بنانے والی کمپنی یونائیٹڈ موٹرز نے 2018 کے آخر میں اس وقت کی مقبول سوزوکی مہران کے مقابلے میں اپنی پہلی گاڑی براوو متعارف کرائی تھی، جس میں 800 سی سی انجن دیا گیا تھا۔
اب اس کمپنی نے ایک اور چھوٹی مگر پہلے سے زیادہ طاقتور گاڑی یونائیٹڈ الفا 2021 متعاف کرائی ہے، جسے 2021 کی پاکستان کی پہلی گاڑی کا نام بھی دیا گیا ہے۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کو پاکستان میں ہی اسمبل کیا گیا ہے اور یہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں دستیاب ہوگی۔
2 جنوری کی شب لاہور میں ایک آن لائن ایونٹ کے دوران ایک ہزار سی سی کی اس گاڑی کو پیش کیا گیا۔
اس گاڑی میں 993 سی سی کا 4 سلینڈر انجن دیا گیا ہے۔
1.0 ایل انجن 69 ہارس پاور فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں مینوئل ٹرانسمیشن سسٹم دیا گیا ہے، آٹومیٹک ورژن 2021 کے پہلی ششماہی کے دوران کسی وقت پیش کیا جائے گا۔
یہ گاڑی سوزوکی ویگن آر، سوزوکی کلٹس اورر کیا پیکانٹو کو براہ راست ٹکر دے گی اور یہ تینوں کے مقابلے میں زیادہ سستی بھی ہے۔
بنیادی طور پر یہ ایک چینی گاڑی چیری کیو کیو ہے جسے پاکستان میں الفا کا نام دیا گیا ہے۔
اس گاڑی کے فیچرز میں پاور اسٹئیرنگ، پاور ونڈوز، 13 انچ ایلوئے وہیلز، ایل سی ڈی کیمرا، ریورس کیمرا، اے بی ایس بریک سسٹم اور دیگر قابل ذکر ہیں۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ مستقبل قریب میں 3 سیڈان، ایس یو ویز اور وین جیسی گاڑیوں کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اسی طرح 2 الیکٹرک گاڑیوں کو بھی پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔
یونائیٹڈ الفا پاکستان میں 13 لاکھ 95 ہزار روپے میں فروخت کی جائے گی۔