10 سال پرانے کیس میں بے قصور ثابت ہونے والے بالی ووڈ کے اداکار سورج پنچولی بریت کے بعد گرودوارہ بنگلہ صاحب آشیرواد لینے پہنچ گئے۔
اس حوالے سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے گزشتہ روز تصاویر شیئر کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے آنجہانی اداکارہ جیا خان خودکشی کیس کا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے سورج پنچولی کو بے گناہ قرار دے کر بری کردیا تھا۔
خیال رہے کہ اداکارہ جیا خان 3 جون 2013 کو اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔
اداکارہ کی لاش کے پاس سے ملنے والے 6 صفحات پر مشتمل خودکشی کے نوٹ کی بنیاد پر اداکار سورج پنچولی کو خودکشی پر اُکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعدازاں انہوں نے ضمانت حاصل کرلی تھی۔