متعدد ریکارڈز اپنے نام کرنے والی بلاک بسٹر پاکستانی پنجابی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز بھارتی سینسر بورڈ سے منظوری کے باوجود ایک مرتبہ پھر بھارت میں ملتوی کر دی گئی۔
بھارت کی انٹرٹینمنٹ کمپنی INOX Leisure کے چیف پروگرام راجیندر سنگھ جیالا نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ بھارت میں 30 دسمبرکو فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ ریلیز کی جا سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پی وی آر سنیما کے انسٹاگرام پیج پر فلم کی ریلیز کے حوالے سے آفیشیل اعلان بھی کیا گیا تاہم اس پوسٹ کو جلد ہی پیچ سے ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا اور 30 دسمبر کو پڑوسی ملک میں پاکستان فلم کی نمائش نامعلوم وجوہات کی بنا پر نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق سنیما کے ایک گروپ نے تصدیق کی کہ انہیں فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی ’زی اسٹوڈیو‘ نے فلم کی نمائش مؤخر کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، بات چیت جاری ہے، امید ہے جلد ہی فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔
فلم کا التوا ایسے وقت میں آیا ہے جب ہندوستان میں ہندو انتہا پسند گروپوں نے اس فلم کی ریلیز کی مخالفت کرنے سمیت سنیما مالکان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
خیال رہے کہ مولا جٹ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے اب تک دنیا بھر سے 250 کروڑ تک کی کمائی کر چکی ہے۔