وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں عید کی چھٹیوں کے دوران صوبے بھر میں ویکسینیشن سینٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس سے متعلق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عید الفطر کے موقع پر لوگ کورونا سے متعلق ایس او پیز کا خیال نہیں رکھیں گے اور عید کی مبارک باد کے لیے بغل گیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی چھٹیوں میں گھریلو سطح پر تقاریب کا انعقاد کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث ہوگا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گزشتہ برس عید کے موقع پر لوگ ایک دوسرے سے ملنے کے لیے گھروں پر گئے جس کے نتیجے میں کورونا کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے زیر صدارت اجلاس میں انتظامیہ کے علاوہ ماہرین نے بھی شرکت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ماہر ڈاکٹروں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ عید صرف اپنے گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ منائیں۔
ناصر حسین نے زور دیا کہ ‘جتنی احتیاط کریں گے اسی قدر آپ، آپ کے اہلخانہ اور رشتے دار کورونا سے محفوظ رہیں گے’۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران صوبے بھر میں ویکسینیشن سینٹرز کھلے رہیں گے۔
صوبائی وزیر نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسین کروائیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اجلاس میں ریسٹورنٹ کو واضح شرائط کے تحت ٹیک اوے کی سہولت دے دی گئی ہے جبکہ ٹیک اوے کے لیے جانے والے شہری اپنی گاڑی سے نہیں اُتریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کو کرسیاں لگانے کی بالکل بھی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں ریسٹورنٹ کو سیل کردیا جائے گا۔
اس سے قبل ناصر حسین شاہ نے عید سے معتلق پابندیوں کے بارے میں کہا تھا کہ ‘وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا اور منتخب نمائندوں کو اپنے علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے، جو جہاں ہیں وہیں رہے گا’۔
علاوہ ازیں حکوم نے عید الفطر کے لیے 10 سے 15 مئی تک چھٹیوں کا اعلان کیا تھا اور اس دوران عوام کی نقل و حمل کو محدود رکھنے کے لیے ہر قسم کے تفریحی مقام پر پابندی عائد کردی تھی۔
اگر سندھ میں ویکسینیشن سینٹر کی بات کی جائے تو کراچی میں ملک کا دوسرا بڑا ویکسینیشن سینٹر فعال ہوگیا ہے جہاں 25 سے 30 ہزار افراد کو یومیہ ویکسین دی جاسکے گی۔
ایکسپو سینٹر میں 16 مئی کے بعد 40 سال سے کم عمر افراد کو کووڈ 19 ویکسین دستیاب ہوں گی۔
حکومت کی جانب سے عید کے پہلے دو دن سینٹرز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم حکومت سندھ نے اب عید کی چھٹیوں میں سینٹرز کھلے رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔