محکمہ صحت سندھ نے ایران سے آنے والوں کے طبی ٹیسٹ آج سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ایران سے کراچی آنے والوں کی فہرست تیار کر لی ہے۔
ائیر پورٹ امیگریشن حکام سے حاصل فہرست میں کراچی پہنچنے والوں کے نام، پتے، قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی کے پانچوں اضلاع میں سرویلینس افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے پاکستان پہنچنے والے افراد کے اہلخانہ کے بھی خون کے نمونے حاصل کیے جائیں گے اور طبی معائنہ بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس میں سے ایک شخص ایران سے کراچی پہنچا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران سے کراچی ائیرپورٹ پہنچنے والے شخص کا طبی معائنہ نہیں کیا گیا تھا اور اسے بغیر معائنے کے ہی جانے کی اجازت دیدی گئی تھی جس کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔