کراچی: حکومت سندھ نے پیر 16 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی سربراہی میں کورونا وائرس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسکولز کھولنے یا نہ کھولنے کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے۔
جلاس میں نجی وسرکاری اسکولز کے ڈائریکٹرز، سیکرٹری اسکول اور سیکرٹری کالجز کو طلب کیا گیا تھا، اجلاس میں میڑک اور انٹر بورڈ کے چئیرمین بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں اکثریت کا خیال تھا کہ اسکول کھول لینے چاہئیں، ماہرین صحت نے بھی اسکول کھولنے کی تجویز دی، آج تک کے فیصلے کے مطابق اسکول 16 مارچ سے کھلیں گے، کل دوبارہ اجلاس ہوگا صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔
نہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ 16 مارچ سے اسکول جانا ہے، پہلے ہم نے 2 دن کی چھٹیاں دیں تھی، ان 2 دنوں میں 500 لوگ ایران سے آئے، پھر فہرست ملی کہ تفتان سے بڑی تعداد میں زائرین پہنچے ہیں، 14 دن کا کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہورنے کا دورانیہ ہوتا ہے اسی لیے چھٹیاں دیں، ان 14 دنوں میں سندھ حکومت نے پورے پاکستان میں سب سے زیادہ کام کیا۔
خیال رہے کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 16 مارچ تک چھٹیاں دے رکھی ہیں جبکہ میٹرک کے امتحانات بھی 16 مارچ سے شروع ہونے ہیں۔
پاکستان میں اب تک کورونا کے 20 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ سے 15 (کراچی 14، حیدرآباد 1)، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے 2،2 جب کہ کوئٹہ سے ایک کیس سامنے آچکا ہے۔