’سمجھتا تھا جہالت صرف پاکستان میں ہے لیکن انگریز بھی جاہل ہوتے ہیں‘


پاکستان کے نامور اداکار نعمان اعجاز نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک میں لگے لاک ڈاؤن پر لوگوں کے ردعمل پر تشویش کا اظہار کیا۔

اپنی ویڈیو میں نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس نے کیا بے نقاب کیا؟ اس نے یہ بات بے نقاب کی کہ میں ہمیشہ سے سمجھتا تھا کہ جہالت صرف پاکستان میں ہے، کیوں کہ یہاں تعلیم کی کمی ہے لیکن جو بات اب سامنے آئی وہ یہ ہے کہ انگریزی بولنے والے بھی ٹھیک ٹھاک جاہل ہیں‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن پر لوگوں نے جیسا ردعمل دیا، اٹلی میں اور امریکا میں بھی لاک ڈاؤن پر لوگوں کا ردعمل کچھ اچھا نہیں رہا اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان میں بھی تعلیم کی کمی ہے۔

نعمان اعجاز نے دعا کی کہ خدا جلد کورونا وائرس سے پوری دنیا کو نجات دلائے۔

خیال رہے کہ اس عالمی وبا کے باعث صحت کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے کئی ممالک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تاہم مختلف مقامات پر ایسے مناظر بھی دیکھنے میں آئے جہاں لوگ پابندی کے باوجود گھروں سے نکلے جس کی وجہ سے یہ خدشہ بڑھ گیا کہ وائرس ایک سے دوسرے میں تیزی سے منتقل ہورہا ہے۔

اس سے قبل شیئر کردہ اپنی ایک ویڈیو میں نعمال اعجاز نے پاکستان کے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ 27 مارچ کو شام 6 بجے اپنے گھر کی چھت پر سفید رنگ کا جھنڈا لہرا کر تمام ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور وہاں پر مجموعی طور پر 81 ہزار 782 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3200 سے کم رہی۔

چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں رواں ماہ مارچ میں حیران کن کمی آئی اور رواں ماہ کے وسط تک ووہان سے ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا تھا جس کے بعد ووہان سے لاک ڈاؤن کو بھی سلسلہ وار ختم کرنے کا آغاز کیا گیا۔

جہاں ایک طرف کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں چین میں کمی دیکھی گئی، وہیں یہ وائرس یورپ اور امریکا میں تیزی سے پھیلا۔

27 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور صرف 15 گھنٹوں میں دنیا بھر سے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔

اسی طرح 27 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 24 ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں