سلینا گومز کا مداحوں کے لیے ’قرنطینہ کوکنگ شو‘


کورونا وائرس کے باعث صرف عام لوگ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی نامور شخصیات بھی اپنے گھروں میں محصور ہوگئی ہیں تاہم اس دوران بھی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ستارے اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں۔

کوئی گھر میں آن لائن کنسرٹ منعقد کررہا ہے تو کوئی مداحوں کے ساتھ لائیو چیٹنگ کرنے میں مصروف ہے ایسے میں امریکا کی نوجوان گلوکارہ سلینا گومز بھی اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے ایک نئے پروجیکٹ پر کام کررہی ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق گلوکارہ و اداکارہ قرنطینہ کوکنگ شو پر کام کررہی ہیں۔

ایچ بی او میکس اسٹریمنگ سروس کے لیے 10 اقساط پر مبنی اس سیریز میں سلینا گومز مداحوں کو اپنے گھر میں نئے نئے پکوان بنانا سکھائیں گی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں گلوکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ قرنطینہ کے دوران اپنا زیادہ سے زیادہ وقت باورچی خانے میں گزاریں گی اور اب وہ ایسی سیریز بھی تیار کررہی ہیں جس کی وہ ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اب تک اس سیریز کا نام نہیں بتایا گیا تاہم اداکارہ جلد اس کے نام کا بھی اعلان کردیں گی۔

سیریز کے حوالے سے جاری ایک بیان میں سلینا گومز نے بتایا کہ ’سب ہی جانتے ہیں کہ وہ کھانے کی کتنی شوقین ہیں، ان کا خیال ہے کہ ہزاروں انٹرویوز کے دوران جب بھی ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ اگر وہ کیریئر میں کچھ اور کرنے کا انتخاب کرتیں تو وہ آج کیا ہوتیں تو اس پر میں نے ہمیشہ یہی جواب دیا کہ میں شیف بنتی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے اس حوالے سے کوئی باقاعدہ ٹریننگ نہیں لی لیکن لاک ڈاؤن کے دوران گھر میں میرا زیادہ سے زیادہ وقت باورچی خانے میں گزرتا‘۔

سلینا گومز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر میں بنائے نئے اسٹوڈیو میں موجود نطر آئیں جہاں سے وہ کام کریں گی۔

اس سیریز کے حوالے سے ایچ بی او میکس پر بتایا گیا کہ سیریز کی ہر قسط میں سلینا گومز کے ساتھ آن لائن ایک شیف موجود ہوں گے جو کوکنگ ٹپس بھی سکھائیں گے جبکہ شو کے ذریعے فوڈ چیریٹی کو ہائی لائٹ کیا جائے گا۔

سلینا گومز کی اس سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں