سلیم خان نے رشی کپور سے دشمنی کیوں مول لی تھی؟

سلیم خان نے رشی کپور سے دشمنی کیوں مول لی تھی؟


بالی ووڈ کے معروف مصنف سلیم خان اور جاوید اختر نے اپنے کیریئر کے عروج پر آنجہانی اداکار رشی کپور کو ان کا کیریئر ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔

بھارتی میڈیا پر ان دنوں آنجہانی اداکار رشی کپور کی سوانح عمری میں کیا گیا انکشاف خوب گردش کر رہا ہے جس کے مطابق اداکار کو فلم ’ترشول‘ سے انکار کرنے پر فلم کے رائٹر سلیم خان اور جاوید اختر کی جانب سے کیریئر تباہ کرنے کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔

آنجہانی اداکار اپنی سوانح عمری میں لکھتے ہیں کہ ’سلیم خان ایک ایسے رائٹر ہیں جو اپنے ہیرو کا حوصلہ بڑھاتے ہیں وہ مجھے بھی ایک اچھا اداکار تسلیم کرتے تھے لیکن جب میں نے ان کی فلم ’ترشول‘ کرنے سے انکار کیا تو ہمارے تعلقات خراب ہوگئے کیونکہ انہوں نے مجھے کیریئر ختم کرنے کی دھمکی دی تھی‘۔

رشی کپور نے لکھا کہ ’شاید ہندی سنیما کی تاریخ میں ، میں پہلا اور واحد اداکار ہوں جس نے سلیم – جاوید کو ان کے عروج پر انکار کیا ہو، کیونکہ مجھے فلم ترشول میں میرا کردار جس طرح لکھا گیا وہ پسند نہیں آیا تھا، تاہم میرے انکار کے بعد سلیم – جاوید مجھ سے دشمنی پر اُتر آئے اور مجھے کیریئر تباہ کرنے کی دھمکیاں دیں‘۔

رشی کپور لکھتے ہیں کہ ’انہوں نے مجھے کہا کہ ’تمہاری ہمت کیسے ہوئی کہ تم نے سلیم – جاوید کو انکار کیا؟، ہمیں آج تک کسی نے انکار نہیں کیا، ہم تمہارا کیریئر ختم کردیں گے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’ان کی دھمکی پر میں نے انہیں بتایا کہ مجھے یہ کردار پسند نہیں آیا تو انہوں نے مجھے کہا کہ تمہارے ساتھ کون کام کرے گا؟، تم جانتے ہو راجیش کھنہ نے ہماری فلم زنجیر کی پیشکش ٹھکرائی تھی ہم نے اس کے ساتھ کچھ نہیں کیا بلکہ وہ فلم امیتابھ بچن کو آفر کرکے ان کا متبادل ڈھونڈ نکالا، جس نے راجیش کھنہ کو تباہ کردیا، ہم تمہارے ساتھ بھی ایسا ہی کریں گے‘۔

آنجہانی اداکار اپنی سوانح عمری میں لکھتے ہیں کہ انہوں نے ان جھگڑوں سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور انہیں اس وقت بے حد خوشی ہوئی جب ان کی فلم ’امر اکبر انتھونی‘ باکس آفس پر ہٹ اور سلیم – جاوید کی فلم ’ایمان دھرم‘ فلاپ ہوئی۔

رشی کپور نے مزید لکھا کہ بعدازاں وقت کے ساتھ ساتھ سلیم خان کے ہمراہ تعلقات بحال ہوگئے لیکن جاوید اختر نے میرے والد کے بارے میں باتیں کہی تھیں، جس کی وجہ سے ان کے ساتھ تعلقات بحال نہ ہوسکے۔


اپنا تبصرہ لکھیں