بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان نے 2010 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم دبنگ میں چلبل پانڈے کا کردار ان کی 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم پرتیگیہ کے کردار سے مثاثر ہوکر کیا تھا۔
مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سینئر اداکار دھرمیندر نے اپنی فلم پرتیگیہ سے اپنی اہلیہ ہیمامالنی کے ہمراہ ایک سین شیئر کیا۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’دوستوں کچھ بھی کر جاتا ہوں میں‘۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ مجھے یہ فلم بہت پسند ہے اور میرا خیال ہے کہ فلم دبنگ اسی فلم سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔
ٹوئٹر صارف کو جواب دیتے ہوئے سینئر اداکار دھرمیندر نے انکشاف کیا کہ بالکل، سلمان خان نے مجھے خود یہ بات بتائی ہے کہ ان کا کردار میرے اس کردار سے بہت متاثر تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ دوستوں ایسا ہوتا ہے، میری خود خواہش تھی کہ مجھے فلم مغل اعظم اور دیوداس میں سلیم کا کردار ملے جو دلیپ صاحب نے ادا کیا تھا۔ خوابوں کی پیروی کرنا ہر ایک کا خواب ہوتا ہے۔
دھرمیندر کی جانب سے جواب ملنے پر مذکورہ ٹوٹئر صارف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ 70 کی دہائی میں بننے والی فلم ’پرتگیہ‘ میں دھرمیندر نے ایک پولیس والے کا کردار ادا کیا تھا جس میں وہ اپنے والدین کی موت کا بدلہ لیتے ہیں۔