پاکستانی خوبرو اداکارہ و ماڈل سعیدہ امتیاز نے اپنی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کروں گی۔
گزشتہ روز اداکارہ سعید امتیاز کی اچانک موت اور کمرے سے مردہ حالت میں پائے جانے سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں۔
بعد ازاں سعیدہ امتیاز کو اپنی موت کی خبر کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو بیان جاری کرنا پڑا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں سعیدہ امتیاز سب کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ الحمد اللّٰہ میں بالکل ٹھیک ہوں، مجھے بہت افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ صبح اٹھتے وقت مجھے کالز اور مسیجز آئے ہوئے تھے جس کے بعد مجھے خود کچھ سمجھ نہیں آئی کہ میرے ساتھ ہوا کیا ہے۔
اُن کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے افسوسناک تھا، میری فیملی پاکستان میں نہیں رہتی، میرے بہن بھائی، میری والدہ بہت زیادہ پریشان ہو گئیں، اسی دوران مجھے لوگوں کی بھی بہت کالز آئیں تو میں سمجھ نہیں پا رہی تھی کہ میں لوگوں کو کیا کہوں۔
سعیدہ امتیاز کا مزید کہنا تھا کہ میرا فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹ کسی نے ہیک کر لیا تھا، کسی بھی انسان کو اس حد تک دکھ دینا میری سمجھ سے باہر ہے، اس واقعے سے میری فیملی پر بہت زیادہ برا فرق پڑا ہے، کسی کو نہیں معلوم ہوتا کہ ہم کس اسٹیج سے گزر رہے ہیں، ایسی خبروں سے مزید پریشان کیا جا رہا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اس واقعے سے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئی ہوں، میں اس خبر پر بہت روئی ہوں اور میری فیملی مجھے دیکھنے کے لیے آ گئی ہے کہ آیا میں ٹھیک بھی ہوں کہ نہیں۔
سعیدہ امتیاز کا اپنی ویڈیو کی آخر میں کہنا تھا کہ میں یہ پتہ لگوا لوں گی کہ میرے انتقال کی خبریں کس نے شیئر کیں اور میرا اکاؤنٹ کس نے ہیک کیا ہے، میں ہیکر کے خلاف ضرور ایکشن لوں گی اور فی الحال میں اتنا کہنا چاہتی ہوں اللّٰہ تعالیٰ آپ کو ہدایت دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعیدہ امتیاز کے اچانک انتقال کر جانے اور ان کی لاش ان کے کمرے سے ملنے کی خبر اِن کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اور فیس بک پیج سے شیئر کی گئی تھی۔
انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کو ان کے کمرے سے مردہ حالت میں برآمد کیا گیا جبکہ اداکارہ کی موت سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ سعیدہ امتیاز متحدہ عرب امارات سمیت امریکا کی بھی رہائشی ہیں، ان کی پیدائش یو اے ای میں جبکہ پرورش امریکا میں ہوئی، ان کے پاس دونوں ممالک کی شہریت ہے۔