آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق تاحال تحقیقات جاری ہیں جن کے نتیجے میں آئے دن نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔
سشانت سنگھ کو قتل کیے جانے سے متعلق دعویٰ سامنے آنے پر آنجہانی اداکار کی گرل فرینڈ، اداکارہ ریا چکرورتی کی انسٹا اسٹوری میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
ریا چکرورتی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک ذو معنی پوسٹ شیئر کی ہے۔
اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ اگر اگلی مرتبہ آپ کو اپنی طاقت پر شک ہو تو اتنا یاد رکھیں کہ آپ آگ سے گزر چکے ہیں، آپ طوفان سے بچ کر نکلے ہیں اور کئی دشمنوں پر فتح حاصل کی ہے۔

دو روز قبل اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے پوسٹ مارٹم کے ایک عینی شاہد نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے کہ اداکار نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اُنہیں قتل کیا گیا۔
واضح رہے کہ 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، اس معاملے پر سی بی آئی نے ابتدائی تفتیش کے بعد اداکار کی موت کو’خود کشی‘ قرار دیا تھا۔
بعد ازاں سشانت سنگھ راجپوت کے گھر والوں نے ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کروایا، جس کے بعد یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔