معروف پاکستانی ہدایت کار و اداکار سرمد سلطان کھوسٹ کا کہنا ہے کہ کچھ ایسی چیزیں فلموں میں دکھانے پر پابندی ہونی چاہیئےجوکہ ہمارے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں۔
سرمد کھوسٹ نے حال ہی میں مومن ثاقب کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ایسی کوئی چیز فلم میں نہیں دِکھانا چاہتا جس سے معاشرے میں نفرت، تشدد، عدم برداشت یا انتہا پسندی پھیلے۔
اُنہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئےکہا کہ کیونکہ آپ دیکھنے والوں کو کنٹرول نہیں کرسکتےاور آپ کو یہ بھی نہیں پتہ کہ کس طرح کے لوگ فلم دیکھ رہے ہیں اور اس طرح کے مواد سے اُنہیں کیا پیغام مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ سرمد کھوسٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا شمار ملک کے لیبرل لوگوں میں ہوتا ہے اور ان کے ڈراموں اور فلموں کی کہانیاں بہت بے باک ہوتی ہیں، اکثر اسی وجہ سے اُنہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔