لاہور:
ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز سخت جان کیریبیئنز نے انگلینڈ کو مشکل میں ڈال دیا، پہلی اننگز میں 318رنزبنا کر 114کی برتری حاصل کرلی،کریگ بریتھ ویٹ65، شین ڈورچ61 اور روسٹن چیس47رنز کے ساتھ نمایاں رہے،بین اسٹوکس4اور جیمز اینڈرسن3شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے دوسرے روز انگلش ٹیم 204پر آؤٹ ہوئی، جواب میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر27رنز بنائے تھے، کریگ بریتھ ویٹ 20اور شائی ہوپ 3پر ناٹ آؤٹ تھے،دونوں نے محتاط مگر مستحکم انداز میں ٹیم کی سنچری مکمل کرائی،شائی ہوپ کو 16رنز پر ایل بی ڈبلیوقرار دیا گیا مگر ریویو پر آرچر کی گیند نو ثابت ہوئی، مہمان بیٹسمین نے اسی انفرادی اسکور پر ڈوم بیس کی گیند سلپ میں بین اسٹوکس کو تھما دی، بریتھ ویٹ(65)کو اسٹوکس نے ایل بی ڈبلیو کیا، ریویو بھی بے کار گیا۔
لنچ تک اسکور 3وکٹ پر 159تھا، شمارا بروکس(39) کو جیمز اینڈرسن نے وکٹوں کے پیچھے جوز بٹلر کا کیچ بنوایا،جرمین بلیک ووڈ(12) نے ڈوم بیس کی گیند جیمز اینڈرسن کو سونپ دی،شین ڈورچ(25) کا ڈوم بیس نے اپنی ہی گیند پر کیچ ڈراپ کیا، چائے کے وقفے تک ٹوٹل 5وکٹ پر 235تھا، روسٹن چیس47رنز بناکرجیمز اینڈرسن کا شکار بنے،ایل بی ڈبلیو فیصلے کیلیے میزبان ٹیم کو تھرڈ امپائر سے رجوع کرنا پڑا، جیسن ہولڈر(5)بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے،کپتان نے الزاری جوزف(18)کو بھی بولڈ کردیا۔