خبریں ہیں کہ اسمارٹ موبائل بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ جلد ریلیز کرنے والے اپنے فولڈ ایبل گلیکسی زیڈ فولڈ فور میں 108 میگا پکسل کیمرا بھی دے گی۔
سام سنگ نے فولڈ ایبل گلیکسی فونز 2020 میں متعارف کرائے تھے اور گزشتہ برس تک زیڈ سیریز کے تین فون پیش کیے جا چکے تھے۔
اب کمپنی فولڈ ایبل زیڈ سیریز کے چوتھے فون پر کام کر رہی ہے، جس میں متعدد فیچرز دیے جانے کے علاوہ ایس پین بھی دیے جانے کا امکان ہے۔
’گلیکسی زیڈ فولڈ فور‘ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں 108 میگا پکسل کا مین کیمرا ہوگا، جس کے ساتھ مزید دو کیمرے بھی دیے جائیں گے۔
خبریں ہیں کہ زیڈ فولڈ فور میں دیے گئے کیمرے میں کمپنی کے پہلے پیش کردہ موبائل گلیکسی ایس 22 الٹرا کے کیمرے کی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کا کیمرا بہت پسند کیا گیا تھا۔
علاہ ازیں زیڈ فولڈ ایبل فور میں گلیکسی ایس کی ٹیکنالوجی کے حامل 12 میگا پکسل کے مزید دو کمیرے بھی دیے جانے کا امکان ہے،جن میں کچھ نئے فیچر بھی پیش کیے جائیں گے۔
زیڈ فور میں جدید فیچرز اور بہتر ٹیکنالوجی کا 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا بھی دیے جانے کا امکان ہے جب کہ اس سے قبل زیڈ تھری میں 4 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا تھا۔
اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن ون پلس ٹیکنالوجی کے حامل زیڈ فولڈ فور کے حوالے سے فوری طور پر مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
سام سنگ کے فولڈ ایبل فونز کو بھی اس کے دیگر فونز کی طرح کافی پسند کیا جا رہا ہے اور زیڈ سیریز کے تیسرے فون کی کامیابی کے بعد اس کے چوتھے فون میں متعدد نئے فیچرز دیے جا رہے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’گلیکسی زیڈ فولڈ فور‘ کو رواں سال کے اختتام تک پیش کردیا جائے گا۔