سام سنگ نے گلیکسی اے اور ایم سیریز کے 4 نئے مڈ رینج اسمارٹ فونز متعارف کرا دیئے ہیں۔
گلیکسی اے 13، اے 23، ایم 23 اور ایم 33 کو کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا۔
اے سیریز کے دونوں فونز سب سے پہلے یورپ میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں جبکہ ایم سیریز کے دونوں فونز کی دستیابی یا قیمتوں کے بارے میں ابھی کمپنی نے کچھ نہیں بتایا۔
گلیکسی اے 13 (4 جی)
دسمبر 2021 میں سام سنگ نے اے 13 کا فائیو جی ورژن متعارف کرایا تھا اور اب 4 جی ڈیوائس پیش کی گئی ہے۔
دونوں فونز میں کافی کچھ مختلف ہے۔
اس نئے فون میں اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون یو آئی 4.1 سے کیا گیا ہے۔
فون کے اندر ایکسینوس 850 پراسیسر موجود ہے جبکہ 3، 4 اور 6 جی بی ریم جبکہ 32، 64 اور 128 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
گلیکسی اے 13 میں 6.6 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے موجود ہے جبکہ گوریلا گلاس 5 پروٹیکشن بھی موجود ہے۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ بیک پر 50 میگا پکسل مین، 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے موجود ہیں۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ اس کی انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 300 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ اسپیڈ 150 ایم بی پی ایس ہے۔
اس فون کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی والا ماڈل 190 یورو (37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 210 یورو (41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
گلیکسی اے 23 (4 جی)
یہ نیا فون گلیکسی اے 22 سے کافی مختلف ہے جیسے اس میں 6.4 انچ کے امولیڈ ڈسپلے کی بجائے 6.6 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔
دیکھنے میں یہ نئے گلیکسی اے 13 سے کافی ملتا جلتا فون ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا واٹر ڈراپ نوچ میں چھپا ہوا ہے۔
کمپنی نے فون کے پراسیسر کے بارے میں کچھ نہیں بتایا مگر یہ 4، 6 اور 8 جی بی ریم جبکہ 64 سے 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکے گا۔
اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون یو آئی 4.1 سے کیا گیا ہے۔
فون کے اندر 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
اس فون کی قیمت اور دستیابی کے بارے میں کمپنی نے ابھی کچھ نہیں بتایا۔
گلیکسی ایم 23 اور ایم 33
یہ دونوں فونز فیچرز کے لحاظ سے کافی ملتے جلتے ہیں۔
دونوں میں 6.6 انچ کا ٹی ایف ٹی ڈسپلے دیا گیا ہے۔
دونوں کے بیک پر 50 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسرز دیئے گئے ہیں، مگر ایم 33 میں ایک اضافہ 2 میگا پکسل میکرو کیمرا بھی موجود ہے۔
گلیکسی ایم 33 میں 6000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری موجود ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم دستیاب ہوگی۔
فون کے اندر اوکٹا کور پراسیسر موجود ہوگا۔
اس کے مقابلے میں ایم 23 میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جبکہ یہ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا۔
دونوں فونز کی قیمتوں یا دستیابی کی تاریخ کے حوالے سے ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔