سام سنگ نے اپنا ایک اور طاقتور ترین بیٹری والا اسمارٹ فون گلیکسی ایف 62 متعارف کرادیا ہے۔
یہ گلیکسی ایم 51 کے بعد سام سنگ کا دوسرا فون ہے جس میں 7000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔
اس فون کو سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے اور بیٹری کے ساتھ 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔
گللیکسی ایف 62 میں 6.7 انچ کا انفٹنی او امولیڈ پلس ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔
فون کے اندر کمپنی کا اپنا تیار کردہ 7 این ایم ایکسینوس 9825 پراسیسر دیا گیا ہے جو اس سے پہلے فلیگ شپ فونز کا حصہ رہا ہے۔
یہ پراسیسر اس سے قبل گلیکسی نوٹ 10 میں دیا گیا تھا جو اس کمپنی کا فلیگ شپ فون تھا۔
یہ فون 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ 7000 ایم اے ایچ بیٹری کتنے عرصے تک کام کرسکے گی تاہم آسانی سے ایک سے ڈیڑھ دن تو چل ہی جائے گی۔
گلیکسی ایف 62 میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی 3.1 سے کیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر سائیڈ پر موجود ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل میکرو اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہے۔
فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
یہ فون 22 فروری سے بھارت میں صارفین کو دستیاب ہوگا اور ممکنہ طور پر آنے والے مہینوں میں دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 330 ڈالرز (52 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 8 جی بی ریم والا ماڈل 358 ڈالرز (57 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔