سائٹ صنعتی علاقے کے تاجروں اور مزدوروں کا احتجاج


 کراچی: 

 سائٹ صنعتی علاقے کے تاجروں اور صنعت کاروں نے سائٹ لمیٹڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔

سائٹ صنعتی علاقے کے تاجروں اور صنعت کاروں نے انفرا اسٹرکچر کی بدحالی اور سہولتوں کی عدم دستیابی پر گزشتہ روز سائٹ لمیٹڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔

اس موقع پر صنعت کاروں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی ایک بڑی تعداد موجود رہی جنھوں نے سائٹ لمیٹڈ کے مرکزی دروازے کو بند کر دیا۔ احتجاج کے باعث سائٹ ایریا سے غنی چورنگی جانے والی سڑک بند ہوگئی اور قرب و جوار میں ٹریفک جام ہو گیا۔

اس موقع پر جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا سائٹ کا صنعتی علاقہ شدید بدحالی کا شکار ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں، جگہ جگہ گندا پانی جمع ہے۔ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں عام ہیں، تاہم یہاں کے صنعتکار پانی، بجلی و گیس سے محرومی کا شکار ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کے پیکیج سے تمام صنعتی علاقوں کو دو ارب روپے فراہم کیے جائیں تا کہ صنعتی علاقوں کی حالت زار بہتر بنائی جا سکے، بعد ازاں احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں