سائنوویک پاکستان کے ‘شعبہ صحت’ میں سرمایہ کاری کیلئے تیار

سائنوویک پاکستان کے ‘شعبہ صحت’ میں سرمایہ کاری کیلئے تیار


چین کی کمپنی ‘سائنوویک’ کے نمائندگان نے بیماریوں کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لیے شراکت داری قائم کرکے پاکستان کے ‘شعبہ صحت’ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

کمپنی کے جنرل منیجر شیانگ گاؤ کے زیرِ سربراہی وفد نے منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان میں منصوبے شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ وزارت قومی صحت (این ایچ ایس)، سائنوویک کی جانب سے تجویز کردہ منصوبے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرے گی تاکہ منصوبے پر عملدرآمد کے کام کو تیز کیا جاسکے۔

سائنوویک نے پہلے ہی کووڈ 19 کی کروڑوں ویکیسنز فراہم کر کے عوام کی بیماری کے خلاف قوت مدافعت بڑھا کر اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں سائنوویک کے ڈائریکٹر انٹرنیشل بزنس کیون ژینگ، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے چینی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کی پیشکش کو خوش آمدید کہا اور عبدالقادر پٹیل کو کمپنی کی جانب سے تجویز کردہ منصوبے کو دیکھنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایات دیں۔

دوسری طرف کووڈ 19 کی بوسٹر شاٹ لگانے کے لیے اسلام آباد میں دو روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیا کے مطابق کووڈ 19 بوسٹر شاٹ لگانے کی مہم کا آغاز سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی)، این آئی ایچ اور وزارت این ایچ ایس کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا۔

اس مہم کا بنیادی مقصد کووڈ 19 ویکسی نیشن کو فروغ دینا ہے، پہلے سے موجود ویکسی نیشن سینٹر کے علاوہ 16 مزید کیمپس قائم کردیے گیے ہیں، جہاں سے شہری ویکسی نیشن کروا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈان کو بتایا کہ سی ڈی سی، این آئی ایچ، وزارت این ایچ ایس نے عوام پر زور دیا اور نجی دفاتر کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ وائرس کے خلاف قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے اپنے عملے کو کووڈ 19 بوسٹر شاٹ لگانے کی ہدایت کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف محکموں کو لکھے گئے خط میں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عملے کو بوسٹر خوراک لگوانے کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے متاثر ہونے کے امکانات کم ہوسکیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں