پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے ماں بننے کے بعد اپنے مزاج میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی ہے۔
زارا نور عباس نے حال ہی میں ایک ویب شو کو انٹرویو دیا ہے جس میں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے ماں بننے کے بعد اپنے مزاج میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اب غصّہ نہیں کرتی اور وقت کی پابندی کرنے لگی ہوں کہ اگر مجھے کہیں جانا ہے تو میں وقت سے پہلے ساری تیاری مکمل کر لیتی ہوں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میں پہلے سے زیادہ ہمدرد ہوگئی ہوں اور میں اپنی امّی کی پہلے سے زیادہ قدر کرنے لگی ہوں۔
زارا نور عباس نے بچوں کی پرورش کرنے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ بچوں کی پرورش کرنا انسان وقت کے ساتھ ساتھ ہی سیکھتا ہے یعنی جیسے جیسے بچے بڑے ہوتے ہیں تو ان کی بڑھتی عمر اور ان کے مزاج کے حساب سے ہی والدین یہ فیصلہ صحیح سے کر سکتے ہیں کہ اُنہیں اپنے بچے کی پرورش کیسے کرنی چاہیے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں بس یہ چاہتی ہوں کہ میری بیٹی ایک بااخلاق اور ہمدرد انسان بنے اس لیے میں اپنی بیٹی کی پرورش کرتے ہوئے اسی چیز پر زیادہ توجہ دوں گی باقی میں پڑھائی کے حوالے سے اس پر زیادہ سختی نہیں کروں گی۔