بھارت کے لیجنڈ اداکار رجنی کانت کو ورلڈ کپ 2023ء کے میچز دیکھنے کے لیے گولڈن ٹکٹ مل گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ کی رجنی کانت کو ورلڈکپ کا گولڈن ٹکٹ دیتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی ہے۔
یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ لیجنڈری اداکار نے زبان اور ثقافت سے بالاتر ہوکر لاکھوں لوگوں کے دلوں پر خصوصی نقوش چھوڑے ہیں۔
کیپشن میں یہ بھی لکھا ہے کہ رجنی کانت کو ورلڈ کپ کا گولڈن ٹکٹ پیش کیا گیا ہے وہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے میچز میں بطور خصوصی مہمان دیکھیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اداکار امیتابھ بچن کو بھی ورلڈ کپ 2023ء کے میچز دیکھنے کے لیے گولڈ ٹکٹ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہوگا جبکہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا مچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔
اس میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ یعنی پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔