راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ایم ایس سی کی طالبہ کو کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ اور ویڈیو بنانے والے مجرم کو سزائے موت و عمر قید سنادی۔
ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر علی گوندل نے کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے مجرم قاسم جہانگیر کو طالبہ سے زیادتی پر سزائے موت، اغوا پر عمر قید اور ویڈیو بنانے پر 3 سال قید کی سزا کا حکم دیا۔
مجرم کو مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے جرمانہ اور متاثرہ طالبہ کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم سنایا گیا۔
مجرم کی اہلیہ کرن جہانگیر کو بھی اغوا کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور پیکا ایکٹ کی دفعہ 21 کے تحت 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
کرن جہانگیر کو مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی گئی۔
دونوں مجرمان کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر 6 ماہ مزید قید کاٹنا ہوگی۔
واضح رہے کہ مجرمان کے خلاف تقریباً ڈھائی سال قبل راولپنڈی کے تھانہ سٹی میں طالبہ کے اغوا، زیادتی اور اس کی فلم بندی کرنے کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
مجرمان نے ایم ایس سی کی طالبہ کو اغوا کرکے گلستان کالونی کے گھر میں محبوس کیا تھا۔